نئی دہلی، 21؍اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آر بی آئی کے موجودہ گورنر رگھو رام راجن کی پالیسیوں اور ’ودیش پریم ‘کو لے کر تنقید کے تیر برسانے والے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کے تیور نئے گورنر اورجت پٹیل کے تئیں نرم نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے ٹوئٹر پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی تنقید کرنا حماقت ہوگی۔اورجت کے کینیا ئی شہری ہونے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر سوامی نے کہاکہ وہ کینیا کے شہری ہیں نہیں، بلکہ تھے۔رگھو رام راجن ہندوستان میں پیدا ہوئے اور 2007کے بعد سے ہندوستان میں رہنے کے باوجود امریکہ کا گرین کارڈ رکھے ہوئے ہیں۔ایک ٹوئٹ میں پوچھا گیا تھا کہ کیا کینیائی شہری ہونے کی وجہ سے سوامی نئے گورنر پر بھی حملہ کریں گے، تو جھلائے بی جے پی لیڈر نے لکھاکہ پریسٹی ٹیوڈس کی طرح بیوقوف نہ بنیں۔قابل ذکرہے کہ رگھو رام راجن کے ذریعہ اونچی سودکی شرح رکھنے کو لے کر سبرامنیم سوامی نے ان پر زبردست حملہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی پالیسیاں ہندوستان کے لیے صحیح نہیں ہیں۔انہوں نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ رگھو رام راجن کو واپس شکاگو بھیج دینا چاہیے ،حالانکہ اورجت پٹیل کو لے کر ان کے تیور میں اب پہلے جیسی سختی نہیں دکھائی دے رہی ہے۔اورجت 4؍ستمبر کو آر بی آئی کے گورنر کا عہدہ سنبھالیں گے۔